اسلام آباد،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز پی آئی اے نے اندرون و بیرون ملک کے کرایوں میں کمی کردی .نوٹیفکیشن کے مطابق اندرون ملک کرایوں میں 18فی صد جبکہ بیرون ملک کرایوں میں 15فیصد کمی کردی گئی ہے .دریں اثنا پی آئی اے اپنے 777 جہازوں کی تزئین وآرائش کے منصوبے کے تحت نئی
نشستیں نصب کر رہی ہے۔ نئی نشستوں کی منظوری کیلئے پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کو بھی ان نشستوں کا معائنہ کرایا گیا ہے۔ ہر نشست کے لیے الگ ویڈیو سکرین اور انٹرٹینمنٹ سسٹم ہے جبکہ فولڈنگ ٹیبل اور گلاس ہولڈر بھی لگا ہے۔پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بوئنگ 777طیاروں کو آرام دہ بنانے کیلئے نئی نشستیں نصب کررہی ہے۔ لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ سچ تھوڑا مختلف ہے۔ مطلب یہ کہ اگر مسافر دبلا پتلا ہے، قد کاٹھ بھی زیادہ نہیں اور مزید یہ کہ کوئی گود کا بچہ بھی ہمراہ نہیں تو پھر شاید وہ پی آئی اے اکانومی کلاس کی ان نئی سیٹوں میں سما سکے۔ سیٹ کی چوڑائی اور گہرائی محض ڈیڑھ فٹ ہے یعنی گنجائش اتنی کہ مسافر جہاں بیٹھے، وہیں بیٹھا رہے، ٹانگیں پھیلانے اور کمر سیدھی کرنے کا کوئی سوال نہیں۔ ساخت ایسی جیسے منی بس کی سیٹ ہوتی ہے۔