بیجنگ(آئی این پی )100سے زائد چینی کمپنیوں نے بیجنگ ،چین میں پاکستانی سفارتخانے میں ایک انویسٹمنٹ روڈ شو کے دوران سرکاری ونجی پارٹنر شپ موڑ کے تحت مشترکہ منصوبے میں صوبائی میٹروپولیس کی سب سے اونچی عمارت کی تعمیر میں دلچسپی کے اظہار کے لئے پری کوالیفکیشن دستاویزات حاصل کی ہیں ۔ 22کنال کے رقبے پر محیط جیل روڈ لاہور میں 28منزلہ ٹوئن ٹاور کی تعمیر پر 4.25بلین روپے لاگت آئے
گی ۔ یہ لاہور شہر میں سب سے بڑا کمرشل گڑھ ہوگی ۔اس میں دفاتر ،شورومز، دکانیں اور فوڈ سٹریٹ کے علاوہ برانڈ مراکز ہوں گے ۔روڈ شو کا اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی پاکستان میں منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے غیر ملکی فنانسروں کو دعوت دینے کی ہدایت پر کیا گیا ۔ چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد لاہور ڈویلمپنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل زاہد اختر زمان اور چیف انجینئر اسرار سعید نے اس منصوبے کے بارے میں 150سے زائد چینی کمپنیوں کے نمائندوں کو بریفنگ دی ۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے زاہد زمان نے منصوبے کے پس منظر ،مقصد اور فنی تفصیلات کے بارے میں کاروباری افراد کو بتایا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایل ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ عوام کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ ایک جدید ٹاور تعمیر کیا جائے ۔ منصوبے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مجوزہ ٹاور میں دفاتر ، ڈیپارٹمنل سٹور ، خوراک کے مرکز اور سینما ہوں گے اور یہ لاہور کے وسط میں تعمیر کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایل ڈی اے کو اس بات کا اختیار دیا گیا ہے کہ وہ منصوبوں ،ڈویلپمنٹ اور کنسٹرکشن کے بارے میں تمام منظوریاں دے دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے نجی سیکٹر ،ڈویلپروں اوربین الاقوامی پارٹنروں کو دعوت دی ہے کہ وہ آگے آئیں اور اپنے سرمائے ، تجربے اور رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ میں اپنی مہارت کے ساتھ ہماری مدد
کریں۔انہوں نے ان کمپنیوں کے ساتھ الگ الگ مذاکرات بھی کئے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں انہیں تباہ شدہ مواد پیش کیا۔ چینی کمپنیوں کو مالیاتی مشورہ دینے کیلئے پاکستانی بینکوں کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ قبل ازیں چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش ماحول کے بارے میں بریفنگ دی اور ان کو دعوت دی کہ وہ رئیل سٹیٹ
شعبے کی طرف سے پیش کئے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کریں ۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) اور پاکستان کے سفارتخانے کے کمرشل سیکشن کے زیر اہتمام پاکستان میں ’’ٹوئن ٹاور‘‘ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کی پیشکش کرنے والے روڈ شو میں شرکت کرنے والی چینی کمپنیوں کی بڑی تعداد کے نمائندوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت پاکستان ملک میں خوشحالی اور
ترقی کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی چن پھنگ کی طرف سے شروع کئے گئے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے مشترکہ مقصد کی ترقی اور عمل درآمد میں بھی پارٹنر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان راہداری منصوبہ (سی پیک) ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے جس سے نہ صرف دونوں دوست ممالک بلکہ پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کا دوردورہ ہوگا ۔ مسعود خالد نے کہا سی پیک کے تحت توانائی ،بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، سڑکوں کے نیٹ ورک اور پلوں کے مختلف منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور چینی کمپنیاں ان پر عمل درآمد میں سرگرمی سے حصہ لے رہی ہیں ۔