لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی وصولی کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور وزارت پیٹرولیم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی ۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے نفاذ کو چیلنج کر رکھا ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاء نے یہ قانونی نکتہ اٹھایا کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز وصول نہیں کرسکتی ۔وفاقی حکومت کی پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی وصولی غیرقانونی ہے ۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی وصولی کو کالعدم قرار دیا جائے۔فاضل عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت اور وزارت پیٹرولیم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی