لاہور( این این آئی)اینٹی کرپشن پنجاب کی خصوصی ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری نے آمدن سے زائد ثاثوں کے کیس میں مظفرگڑھ میں سابق مشیر زراعت پنجاب سردار عبدالحئی دستی کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے کروڑوں روپے برآمد ہوئے ہیں۔عبدالحئی دستی پی پی 270 سے
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق اینٹی کرپشن کی خصوصی ٹیم نے سابق مشیر پنجاب عبدالحئی کے گھر چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی جبکہ کاغذات اور ریکارڈ سے بھرا ہوا بیگ بھی قبضے میں لے لیا۔حکام کے مطابق چھاپے کے وقت سردار عبدالحئی دستی اپنے گھر پر موجود نہیں تھے۔رپورٹ کے مطابق ٹیم کی قیادت اینٹی کرپشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب وقاص حسن ٹیم کررہے تھے، ٹیم نے گھر کی مکمل تلاشی لی، کارروائی کے دوران پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے سابق صوبائی مشیر کے گھر اور دفتر کا محاصرہ کئے رکھا۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق عبدالحئی دستی کے گھر میں 2 تجوریوں سے ملکی اور غیر ملکی کرنسی میں تقریباً 12 کروڑوں روپے سے زائد رقم برآمد ہوئی ہے۔ذرائع اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ نوٹوں کو گننے میں کئی گھنٹے لگے، عدالت سے سرچ وارنٹ لے کر گھر کی تلاشی لی گئی۔اینٹی کرپشن کی خصوصی ٹیم نے عبدالحئی دستی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے حوالے سے لاہور کے ایک کیس پر کارروائی کی۔