لاہور (نیوزڈیسک)۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے فروغ تعلیم کے عمل میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے موبائل فون ایپلی کیشن’’مجھے سکول بھیجیں‘‘لانچ کر دی ہے۔یہ سافٹ وئیر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ نے تیار کیا ہے۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق یہ ایک مفت اینڈرائیڈ سافٹ وئیر ہے جو گوگل پلے سٹور اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی سرکاری ویب سائٹ WWW.PEF.EDU.PK پر دستیاب ہے۔اس سافٹ وئیر کو موبائل پر انسٹال کرکے لوگ اپنے ارد گرد موجود آؤٹ سکول بچوں کا ڈیٹا پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو بھیجیں۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ان مستحق بچوں کے کوائف کی تصدیق کے بعد ان کو نزدیکی پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم دلائے گی۔ترجمان کے مطابق یہ ایک انتہائی اہم سافٹ وئیر ایپلی کیشن ہے جو لوگوں میں سماجی ذمہ داری کا وصف اجاگر کرے گی اور انہیں یہ ترغیب دے گی کہ وہ اپنے ارد گرد آؤٹ آف سکول بچوں کی تعلیمی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔