لندن(نیوز ڈیسک) ایک نئی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ بایوانجینیئرنگ کے ذریعے تیارکردہ پودے جنگ زدہ علاقوں میں موجود بارود صاف کرنے کا کام کرسکتے ہیں۔برطانیہ میں یونیورسٹی آف یارک کے زراعتی مرکز کے سائنسدانوں نے ایک اہم قدم ا±ٹھایا ہے جس کے تحت دنیا بھر میں بارود اورٹرائی نائٹرو ٹولین ( ٹی این ٹی) سے آلودہ علاقوں میں خاص پودے اگا کر انہیں آلودگی سے پاک کیا جاسکتا ہے اور اسے دھماکا خیز مواد کی صفائی کی حیاتی ٹیکنالوجی کی جانب ایک قدم کہا جاسکتا ہے۔ماہرین کے مطابق پودوں میں موجود ایک خامرہ ( اینزائیم) ایم دی ایچ اے آر 6 بارود میں موجود ٹی این ٹی سے ملکر سپرآکسائیڈ بناتے ہیں جس سے پودے تباہ ہوجاتے ہیں لیکن اسی خامرے کو پودے میں ختم کردیا جائے تو پودے میں بارود کے مضر اثرات سہنے کی قوت پیدا ہوجاتی ہے اور اس سے جنگ زدہ علاقوں کو صاف کرنے میں مدد مل سکے گی۔ ماہرین کے مطابق پوری دنیا میں فوجی مشقوں اور دیگر کارروائیوں سے کئی مقامات آلودہ ہوچکے ہیں اور پودوں کے ذریعے قدرتی انداز میں اس کی صفائی کی جاسکتی ہے۔سائنسدانوں کے مطابق اس طرح کے تیار کردہ پودے ٹی این ٹی اور دیگر خطرناک اجزا کو جذب کرکے زرخیز مٹی کو صاف کرسکتے ہیں