اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سمارٹ فونز کے صارفین میں مقبول ترین سوشل میڈیا ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اب دنیا بھر میں سب سے زیادہ مقبول ترین میسنجر کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کے بانی جان کوم نے اعلان کیا ہے کہ اس ایپلی کشن کے ماہانہ سرگرم صارفین کی تعداد 90 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے جو کسی بھی سوشل میڈیا ایپلی کیشن کے صارفین سے زیادہ ہے۔ جان کوم نے اپنے آفیشل فیس بک پر جاری ایک پیغام میں بتایا کہ ماہانہ 90 کروڑ صارفین کے ساتھ واٹس ایپ دنیا کا سب سے مقبول میسنجر بن گیا ہے جس کی تصدیق مختلف کمپنیوں کے جاری کردہ اعدادوشمار سے بھی ہوتی ہے۔واضح رہے کہ واٹس ایپ کو گزشتہ سال فیس بک نے 19 ارب ڈالرز کے عوض خرید لیا تھا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا کا دوسرا مقبول ترین میسنجر بھی فیس بک میسنجر ہے جس کے صارفین کی تعداد 70 کروڑ سے زیادہ ہے تاہم واٹس ایپ نے اپنے آغاز سے بہت پہلے آنے والے تمام میسنجرز اور دیگر ایپلی کیشنز کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔