ساو پاولو(نیوز ڈیسک) تھری ڈی پرنٹر سے سانس کی نالی، مصنوعی بازو، کچھوے کا چہرہ اور ایک کتے کا پیر تیار کرکے پیوند کیا جاچکا ہے لیکن اب اس کی مدد سے نایاب طوطے کی ٹوٹی ہوئی چونچ کو بھی جوڑ دیا گیا ہے۔برازیل سے غیر قانونی طور پر تحویل میں لیے گئے ٹوکن طوطے کو ٹائٹا کا نام دیا گیا ہے اس کی چونچ کا اوپری بڑا حصہ ٹوٹ چکا تھا جو نہ صرف اسے کھانے میں مدد دیتا ہے بلکہ اس کے جسمانی درجہ حرارت کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔ ماہرین نے طوطے کی ٹوٹی ہوئی چونچ کا بقیہ ٹکڑا ایک تھری ڈی پرنٹر سے تیار کیا جس کی مہارت سے ڈیزائننگ کی گئی اور کیسٹر آئل پر مبنی ایک پالیمر سے اس کی چونچ تیار کرکے اس پر غیر مضر روغن چڑھایا گیا۔کئی اداروں کی مشترکہ کاوش سے ٹوکن کی چونچ تیار کی گئی اور اسے لگانے میں 3 دن صرف ہوئے ہیں جس کے اب یہ پرندہ پرسکون اور بہتر حالت میں ہے۔