اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستانی اور آئی ایم ایف حکام کے درمیان آئندہ مالی سال بجٹ پر تفصیلات طے پا گئیں جس کے مطابق نئے مالی سال میں بجٹ کا حجم 9900 ارب روپے تک ہوجا ئے گا۔
بجٹ حجم 10 جون کو پیش کردہ بجٹ سے تقریباً 400 ارب روپے زائد ہوگا ۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق حکومت کو ٹیکس وصولیوں کو بڑھانا ہو گا اور اخراجات کو کم کرنا ہو گا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے ٹیکس وصولیوں کاہدف 7445 ارب تک لانے کا فیصلہ کیا گیا ،پٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے فی لیٹر لیوی عائدکی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات پر 10 روپے فی لیٹر لیوی عائد کی جائے گی ،یکم اگست سے ماہانہ 5 روپے فی لیٹر لیوی بڑھاتے ہوئے مارچ تک ہدف پر لائی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق نئے سال میں انکم ٹیکس کاہدف 55 ارب روپے بڑھایا جائے گا ،6 سے 12 لاکھ روپے سالانہ آمدن پر 2.5فیصد انکم ٹیکس عائد کیا جائے گا ،سالانہ 15 کروڑ آمدن پر ایک فیصد زائد ٹیکس لگایا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق سالانہ 20 کروڑ روپے آمدن پر 2 فیصدٹیکس لگایا جائے گا ، سالانہ 25 کروڑ روپے آمدن پر 3 فیصد ٹیکس لگایا جائے گا ، سالانہ 30 کروڑکی آمدن پر 4 فیصدٹیکس لگایا جائے گا ، کسٹمز وصولی کا ہدف 950 ارب سے بڑھا کر 1005ارب کیا جائے گا ، جنرل سیلز ٹیکس کی مد میں وصولیوں کا ہدف 3008 سے بڑھا کر 3300 ارب ہوگا۔