اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے سابقہ وفاقی کابینہ کے کئی ارکان کے نام نو فلائی لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کا خیال ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مبینہ طور پر کرپشن سے اکھٹی کی گئی رقم کے سبب وہ کسی بھی وقت
بیرون ملک فرار ہو سکتے ہیں۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نئی حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل سمیت موجودہ کابینہ کے ارکان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔نئی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نیشنل پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ میں کہا کہ کابینہ نے گزشتہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران پھیلی فہرست کا جائزہ لینے کے لیے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ای سی ایل کمیٹی تشکیل دی تھی، کابینہ کے ارکان سید نوید قمر، اسد محمود اور ایاز صادق کمیٹی میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کمیٹی کو ای سی ایل کا جائزہ لینے اور تین دن میں کابینہ کو رپورٹ پیش کرنے کا کہا ہے۔ایک ذرائع نے کہا کہ توقع ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ اور کابینہ کے دیگر ارکان کے نام فہرست سے ممکنہ طور پر نکال دیے جائیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پچھلی حکومت میں شہزاد اکبر کی سربراہی میں وزیر اعظم کے احتساب سیل کے ذریعے بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، اسٹاپ لسٹ اور واچ لسٹ سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر بنائی گئیں۔