کراچی (نیوز ڈیسک)فیس بک نے ٹوئٹر کے مقابلے میں اپنی نیوز اپلیکشن لانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے ذریعے نیوز الرٹس براہ راست آپ کے فون پر موصول ہوسکیں گے۔
ٹوئیٹر سے ملتی جلتی یہ نئی اپلیکشن اس وقت آزمائشی مراحل سے گزر رہی ہے اور یہ کب تک سامنے آئے گی اس حوالے سے بھی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔فیس بک نے ابھی اس اپلیکشن کی تیاری کے حوالے سے رپورٹس کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔اس اپلیکشن کے حوالے سے جو تفصیلات سامنے آئی ہیں، اس کے مطابق صارفین اس موبائل اپلیکشن کو فیس بک سے ڈآن لوڈ کریں گے۔صارفین کو ان مختلف پبلی کیشنز کا انتخاب کرنا ہوگا جس کو وہ فالو کرنا چاہتے ہوں گے تاکہ بریکنگ نیوز الرٹس موبائل پر موصول کرسکیں، فیس بک کی جانب سے اس حوالے سے کچھ کمپنیوں کو منتخب کیے جانے کا امکان ہے۔
جیسے ہی کوئی بریکنگ نیوز سامنے آئے گی صارفین کو ٹوئیٹ کی طرح فوراً ہی موبائل نوٹیفکیشن ملے گا۔یہ موبائل الرٹ سو الفاظ اور ایک ویب لنک پر مشتمل ہوگا۔اب دیکھنا یہ ہے کہ فیس بک کی یہ اپلیکشن ٹوئٹر کے لیے کس حد تک تباہ کن ثابت ہوتی ہے۔