لاہور(مانیٹرنگ، این این آئی) پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کردیا ہے، پی ڈی ایم کا اجلاس شہباز شریف کے گھر پر ہوا اور اس کی سربراہی مولانا فضل الرحمان نے کی، اس اجلاس میں مریم نواز سمیت دیگر اپوزیشن رہنما شریک ہوئے،
میاں نواز شریف نے لندن سے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں لانگ مارچ اور عدم اعتماد سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے اور حکومت کی حلیف جماعتوں سے بھی رابطہ کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی رہائشگاہ پر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اجلاس کے آغاز سے قبل مولانا فضل الرحمان کی امامت میں نماز مغرب ادا کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی (ف) کے رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کی امامت میں نماز مغرب ادا کی۔پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اجلاس سے قبل اتحاد کے صدر مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو پیپلز پارٹی کی قیادت اور متحدہ قومی موومنٹ کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں اور دیگر رہنماؤں سے ہونے والے رابطوں سے بھی آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم خان درانی نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کی جس میں مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔