کراچی(این این آئی)بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اسٹیٹ بینک پاکستان کے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے تحت اب تک 3 لاکھ 42 ہزار 611 اکانٹس کھول لیے، جس میں اب تک 3.38 ارب ڈالرز جمع کرائے گئے ہیں۔اسٹیٹ بینک سے جاری
کردہ اعدادوشمار کے مطابق جنوری میں 22.2 کروڑ ڈالر موصول ہوئے جو دسمبر کے ڈپازٹس 24.4 کروڑ ڈالر سے 9 فیصد کم ہے۔مرکزی بینک کے مطابق 175 ممالک سے 17 ماہ کی مدت کے دوران اب تک 3 لاکھ 42 ہزار 611 اکائونٹس کھولے جا چکے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے ستمبر 2020 میں روشن ڈیجیٹل اکانٹس کا افتتاح کیا تھا، اس منصوبے کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن آئے بغیر غیر ملکی اور مقامی کرنسی میں اکائونٹس کھول سکتے ہیں۔انہیں صرف اپنی بنیادی معلومات اور دستاویز اسٹیٹ بینک پاکستان کو آن لائن فراہم کرنا ہوں گے، اس کے علاوہ وہ پاکستان میں اسٹاک مارکیٹ سمیت دیگر شعبوں میں براہ راست سرمایہ کاری بھی کرسکتے ہیں۔ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے بیرون ملک پاکستانیوں کو ملک میں تمام ادائیگیوں کی سہولت حاصل ہے، ان سہولیات میں، فنڈز ٹرانسفر، بل پیمنٹس، اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری، پراپرٹی اور رقم میں سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔