اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پاکستان سپر لیگ سیون میں اسلام آباد بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا گیا جس میں اعظم خان کی دھواں دھار بیٹنگ کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے رہے ۔ اعظم خان نے جارحانہ انداز میں ففٹی سکور کرنے کے بعد جشن کے سٹائل میں ہاتھ جوڑ کر معافی مانگی ۔ اعظم خان کا کہنا تھا کہ میں نے ففٹی سکور کرنے بعد والد سے معافی مانگی
اگر میں نے کچھ غلط کیا تو اس پر مجھے براہ کرم معاف کر دیں ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ میں نے کبھی بھی یہ خیال نہیں کیا تھا کہ میں شاید آفریدی کے مخالف کھیلوں گا ۔ دوسری جانب پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شہرہ آفاق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بدترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا اور یونائیٹڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 229رنز بنائے۔گلیڈی ایٹرز کے تمام ہی باؤلرز ناکامی سے دوچار ہوئے لیکن یہ میچ پی ایس ایل میں اپنا آخری سیزن کھیلنے والے شاہد آفریدی کے لیے یہ میچ سب برا خواب ثابت ہوا۔شاہد آفریدی کو 4 اوورز کے کوٹے میں ایک وکٹ کے عوض 67 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی اور وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں چار اوورز کے کوٹے میں سب سے زیادہ رنز دینے والے باؤلر بن گئے۔اس اوورز کے کوٹے کے دوران شاہد آفریدی کو 8 چھکے اور ایک چوکے پڑے۔اس سے قبل پی ایس ایل کی تاریخ کا مہنگا ترین اسپیل اسلام آباد یونائیٹڈ کے ظفر گوہر نے کرایا تھا جنہوں نے پچھلے سیزن میں پشاور زلمی کے خلاف 65رنز دیے تھے۔واضح رہے کہ یہ شاہد آفریدی کا پاکستان سپر لیگ میں آخری سیزن ہے اور وہ اب تک پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے سوا بقیہ تمام ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔