گوجرانوالہ ،لاہور(این این آئی)گوجرانوالہ میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے مقامی رہنما کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق مقتول ملک جواد فیکٹری سے موٹرسائیکل پر اپنے دوست کے ساتھ گھر کشمیر کالونی واپس جارہا تھا کہ امرت پورہ کے
قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان تیز رفتاری سے ملک جواد کی موٹرسائیکل کے قریب آئے اور فائرنگ کردی۔ پوکیس کے مطابق ملک جواد کو چار گولیاں لگیں جبکہ ساتھ بیٹھا دوست محفوظ رہا۔ پولیس کے مطابق شواہد جمع کرکے شہر کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ مقتول ملک جواد پی ٹی آئی کا مقامی کارکن اور سابق سیکرٹری اطلاعات تھا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے سابق عہدیدار جواد ملک کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔مقتول جواد ملک کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔