لاہور( آن لائن ) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسموگ کے باعث اسکول بند کرنے کے امکان کو مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی کورونا کے باعث تعلیم کا بہت حرج ہو چکا ہے،اب سکول بند نہیں کئے جا سکتے۔۔لاہور میں نیشنل
کالج آف آرٹس کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم کا کہناتھا کہ تمام امتحانات وقت پر ہوں گے پہلے بھی کورونا وباء کے باعث تعلیم کا بہت حرج ہو چکا ہے اسموگ کے باعث ایسے حالات نہیں کہ اسکول بند کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ این سی اے کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا ہے ، مختلف شہروں میں این سی اے کے کیمپس بنائے جائیں گے ۔ این سی اے کے گریجوایٹس کو دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ شفقت محمود نے اپوزیشن کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں پاس ہونے والے بلز پر واویلا کیا جا رہا ہے ، اپوزیشن نے بل پاس کرنے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی لیکن ان کے تمام حربے ناکام ہوگئے اورالحمد اللہ تمام بل منظور کرلیے ہیں ۔