پشاور(آن لائن)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے محکمہ خوراک کے افسران اور ضلعی انتظامیہ سے کامیاب مزاکرات کے بعد راولپنڈی ڈویژن میں ہڑتال ایک ہفتے کے لئے موخر کر تے ہوئے آٹے کی سپلائی بحال کر دی ہے۔ سولہ نومبر سے لاہور میںفلور ملز ایسوسی ایشن اور محکمہ خوراک کے مابین مزاکرات شروع ہوں گے جس کے بعد فلور ملز مالکان حتمی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن راولپنڈی ریجن کے سرپرست اعلیٰ طارق صادق ، چئیرمین ریاض اللہ خان اور دیگر رہنمائوں نے پیر کے دن ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈائریکٹر فوڈ اور دیگر اعلیٰ افسران سے مزاکرات کئے اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ میٹنگ کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ فلور ملز کوجنوبی پنجاب کے بجائے محکمہ خوراک کے راولپنڈی ٹیکسلا گوجر خان اور سہالہ میں واقع گوداموں سے سرکاری گندم فراہم کی جائے گی اور انھیں جنوبی پنجاب سمیت کسی بھی دور دراز علاقے سے سرکاری گندم خریدنے کے لئے مجبور نہیں کیا جائے گا کیونکہ اس سے کاروباری لاگت میں بہت زیادہ اضافہ ہو جاتا ہے۔ محکمہ خوراک کے افسران نے کہ گندم کی پسائی کے اخراجات جو حال ہی میں کم کر دئیے گئے تھے انھیں سابقہ سطح پر بحال کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ بنیادی مطالبات تسلیم ہونے پر فلور ملز ایسوسی ایشن نے عوامی مفاد اورعوام کی مشکلات کے خاتمہ میں اپنی ہڑتال کی کال کو ایک ہفتے کے لئے موخر کر دیا اورمارکیٹ میں آٹے کی سپلائی بحال کر دی۔ پندرہ نومبر سے لاہور میں فلور ملز ایسوسی ایشن کی مرکزی قیادت اور محکمہ خوراک کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو گا جس کی کامیابی کی صورت میں ایسوسی ایشن کاجو بھی فیصلہ ہو گا وہ پنجاب بھر میں لاگو ہو گا۔ایسوسی ایشن کے اکابرین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اس مسئلہ میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں جس پر انکے شکرگزار ہیں