لاہور( این این آئی)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کی لاہور میں نیلام کی جانے والی جائیدادوںکی تفصیلات سامنے آگئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی لاہور کے موضع مانک میں 940 کنال 2 مرلہ سے زائد ،موضع بدوکی ثانی میں 299 کنال سے زائد ،
موضع مال لاہور میں 103، موضع سلطان میں 312 کنال اراضی نیلام ہوگی۔نواز شریف کی ملکیت لاہور کے اپرمال میں موجود گھر بھی نیلام کیا جائے گا، سابق وزیراعظم کی 6 جائیدادوں کو نیلام کرکے 8 ملین پائونڈ جرمانہ وصول کیا جائے گا۔واضح رہے کہ بورڈ آف ریونیو پنجاب نے سابق نوازشریف کی پراپرٹی فروخت کیلئے رہائشگاہ جاتی امرا ء پر نوٹس آویزاں کردیئے ہیں جس میں کہا ہے کہ زرعی اراضی کی نیلامی 19نومبر کو کی جائے گی۔بورڈ آف ریونیو نے نیب لاہور اور نیب راولپنڈی کے افسران کو نیلامی میں شامل ہونے کی درخواست کردی ہے۔یاد رہے ستمبر میں ایون فیلڈاپارٹمنٹس کیس میں 8 ملین پائونڈبرآمدگی کیلئے کارروائی کا آغاز کیا تھا ، نواز شریف پر عائد جرمانے کی رقم ایک ارب 85 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔