لاہور( این این آئی)محکمہ اینٹی کرپشن نے پولیس ، محکمہ مال اور فشریز ڈیپارٹمنٹ پر چھاپے ما رکردو تھانیدار ، ایک پٹواری ، محکمہ ماہی پروری کے اسسٹنٹ وارڈن سمیت پانچ سرکاری ملازمین کورنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا،کرپٹ سرکاری ملازمین سے رشوت کے ہزاروں روپے کے نوٹ برآمد کرکے مقدمات درج کرلئے گئے۔ ڈی جی اینٹی کرپشن محمدگوہر نفیس کے مطابق ساہیوال کے
علاقہ تھانہ ملکہ ہانس کا سب انسپکٹر مدثر عباس رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا،ملزم مدثر عباس نے 13 ہزار روپے رشوت وصول کی،سرکل آفیسر پاکپتن نعیم اقبال نے مجسٹریٹ کے ہمراہ ٹریپ ریڈ کرکے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ ملزم کے تھانہ اینٹی کرپشن پاکپتن میں مقدمہ نمبر 23/2021درج کرکے حوالات میں بند کردیا گیا ۔گجرانوالہ کے علاقہ تھانہ اروپ سے اسسٹنٹ انسپکٹر محمد یاسین رشوت لیتے گرفتار ہوا۔تھانیدار محمد یاسین کو 10 ہزار رشوت لیتے رنگے ہاتھوں ٹریپ ریڈ کرکے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن گجرانوالہ میں مقدمہ نمبر 51/2021درج کرکے حوالات میں بند کردیا گیا۔ گجرات سے محکمہ مال کے پٹواری مہدی خان کو 10 ہزار رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا،پٹواری سے نشان زدہ نوٹ برآمد کرکے تھانہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ نمبر 16/2021 درج کرلیا گیا ہے۔ گجرات میں محکمہ ماہی پروری کے دفتر پر ٹریپ ریڈ کیا گیا جہاں سے محکمہ ماہی پروری کے اسسٹنٹ وارڈن محمود احمد اور چوکیدار محمد انور کورشوت لیتے گرفتار کیا گیا۔ملزمان سے مجسٹریٹ کی موجودگی میں 10 ہزار کے نشان زدہ نوٹ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ۔