اسلام آباد(آن لائن)آئی ایم ایف نے قرض کی قسط وصول کر نے کیلئے قیمتیں بڑھا نے کا مطالبہ کردیا جبکہ حکومت نے آئی ایم ایف کے تمام مطالبات ماننے کی تیاری کر لی ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہناہے کہ آئندہ چند روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے۔وزارت خزانہ کو قیمتوں میں اضافہ کیلئے ورکنگ کی ہدایت کردی گئی ہے۔وزارت خزانہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اوگرا سمری کے تناظر میں ورکنگ کی جائے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث یکم نومبر کو قیمتیں برقرار رکھی گئیں۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے اوگرا کی سمری زیر غور آئے گی۔ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے 53 پیسے اضافے کی سمری بھیجی تھی۔ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 49 پیسے اضافے کی تجویز دی تھی۔لائٹ ڈیزل آئل 5 روپے 72 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی تھی، ذرائع کا کہناہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔