نئی دہلی، دبئی (این این آئی)سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر دیکھتے ہوئے پاکستان کے فائنل تک پہنچنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ٹوئٹر پر سابق بھارتی کرکٹر اور بھارتی کمنٹیٹر آکاش چوپڑاکی جانب سے حال ہی میں ٹوئٹ کیا گیا۔
انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہوتا دیکھ رہا ہوں۔کمنٹیٹر کا بیان سامنے آنے پر بھارتی شائقین سیخ پا ہوگئے اور بھارت کو ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر کرنے پر آکاش چوپڑا کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ دوسری جانب سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے پاکستان کی ورلڈ کپ میں مسلسل تیسری کامیابی کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کو خبردار کردیا۔سابق انگلش کپتان نے کہا کہ اب عالمی کپ میں بڑے مقابلے کا وقت ہے، انگلینڈ اور آسٹریلیا کا میچ جو جیتے گا وہ سیمی فائنل میں پاکستان کا سامنا کرنے سے بچ جائے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ رات افغانستان سے میچ میں آصف علی نے 19ویں اوور میں چار چھکے لگا کر پاکستان کو فاتح بنا دیا۔ افغانستان سے میچ میں فتح کے بعد پاکستان نے ورلڈکپ میں مسلسل تیسری فتح اپنے نام کی۔