اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم آفس کو نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے وزارت دفاع کی جانب سے سمری موصول ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت دفاع
کی جانب سے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے سمری وزیراعظم آفس کو بھجوادی گئی ہے، وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا اعلان کیا جائے گا۔اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور نئی تقرری کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزارت دفاع کی سمری میں لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز اور لیفٹیننٹ جنرل ثاقب ملک کے نام تجویز کئے گئے ہیں، وزیراعظم عمران خان سمری میں تجویز کئے گئے ناموں کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے کے لئے ایک نام کی منظوری دی جائے گی۔