اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے 7 دن بعد بھی ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا،جس کی وجہ سے ملک بھر میں افواہیں اورقیاس آرائیاں عروج پر ہیں ، مگر اب سوشل میڈیا پرافواہوں اور قیاس آرائیوں کا سیلاب ختم کرنے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہوتی نظر آرہی ہے۔روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق سول اور فوجی قیادت کے درمیان ڈیڈ لاک کے حوالے سے جو افواہیں پھیلی ہوئی تھیں، جس کی
وجہ سے گزشتہ چند روز میں اسٹاک مارکیٹ اور سیاسی ارینا غیر یقینی صورت حال کا شکار رہی۔ طاقتور حلقوں کے ذرائع کا اصرار ہے کہ کسی قسم کا کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے اور یہ مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔ اعلی سول اور فوجی قیادت کے اعلی حکام کے درمیان ملاقات ہوئی ہے تاکہ باہمی اتفاق رائے سے آگے بڑھنے کا راستہ تلاش کیا جاسکے۔ ملاقات کا نتیجہ اب تک سامنے نہیں آیاہے تاہم، ذرائع اس ملاقات کو ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔