نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)کئی طالبان جنگجوئوں کو سزائے موت دلوانے والی افغان خاتون آفیسر افغانستان سے فرار ہو کر البانیہ جا پہنچی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 32سالہ گل فروز ابتکار کابل میں شعبہ کریمنل انویسٹی گیشن کی نائب سربراہ تھیں ۔ افغان طالبان کے ملک پر
قابض ہونے کے بعد روپوش ہو گئیں تھی کیونکہ ان کے سر پر کئی طالبان جنگجوئوں کو سزائے موت دلوانے میں اہم کردار تھا ۔ طالبان کے قابض ہونے کے بعد وہ چھپتے چھپاتے بارڈر پار کر کے تاجکستان میں پہنچیں اور پھر وہاں سے البانیہ پہنچ کر پناہ گزینوں میں شامل ہو گئیں ۔ رپورٹ کے مطابق گل فروز نے افغانستان سے نکلتے وقت برطانوی نیوز ایجنسی کو پیغام بھجوایا تھا کہ ایک آدمی اسے بارڈر پار کروا کر تاجکستان پہنچائے گا لیکن یہ کہنا آسان ہے کرنا بہت مشکل ہے لیکن میرے پاس اور کوئی آپشن نہیں ہے ۔ اگر میں افغانستان سے نکلنے میں کامیاب ہو جائو تو کیا مجھے برطانیہ کا ویزہ مل جائے گا ؟۔ تاجکستان سے ہوتے ہوئے البانیہ پہنچنے کے بعد گل فروز نے بتایا ہے کہ وہ بالکل کامیابی سے بچ کر البانیہ پہنچ گئیں لیکن فی الحال میں اپنے ماں اور بھائی کے بارے میں فکر مند ہوں جو ابھی بھی افغانستان میں موجود ہیں ، میری یہ درخواست ہے کہ انہیں بھی کسی طرح افغانستان سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے ۔