لاہور،کراچی(این این آئی)مشہور بھارتی گلوکار دلیر مہندی نے پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان فنکار برادری کی مدد کریں ۔سوشل میڈیا پر جاری جاری بیان میں دلیر مہندی نے عمر شریف کے ساتھ اپنے ماضی کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف اور میں
شوکت خانم کی فنڈریزنگ میں ایک ساتھ رہے ہیں۔عمر شریف کینسر سوسائٹی کے لیے کام پر بہت خوش تھے، آج انہیں علاج کی سخت ضرورت ہے۔ مجھ سے عمر شریف کا ویڈیو بیان پورا دیکھا بھی نہیں گیا،میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ فنکار برادری کی مدد کریں۔خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر عمر شریف کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں معروف کامیڈین نے وزیراعظم عمران خان سے اپنے علاج کے لیے مدد طلب کی تھی۔دوسری جانب پاکستان کے لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے کہا ہے کہ عْمر شریف کے لیے ایک ایک منٹ قیمتی ہے۔ زرین عْمر شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمر شریف کو امریکا میں علاج کے لیے بذریعہ طیارہ ہی لے جایا جاسکتا ہے۔وزیراعظم آفس سے کہا گیا کہ ویزے کے لیے کوشش کی جارہی ہے، امید ہے ویزا جلد جاری ہو جائے گا۔زرین عْمر شریف نے کہا کہ پچھلے ماہ عمر شریف کو دل کا دورہ پڑا تھا، ایک ہفتے پہلے عمر شریف کو ہسپتال منتقل
کیا گیا۔اْنہوں نے کہا کہ اگر عمر شریف کو امریکا منتقل نہیں کیا گیا تو ان کی یہاں اوپن ہارٹ سرجری کرنا پڑے گی۔زرین عْمر شریف نے کہا کہ عمر شریف کیلئے اوپن ہارٹ سرجری نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، اْمید ہے کہ ویزا جلد جاری ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ عمر شریف کو دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔