اسلام آباد(آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت مخالف تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے سرجوڑ لئے ہیں اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے موومنٹ میں شامل ہر جماعت سے احتجاجی تحریک اور روڈ کارواں کامیاب بنانے کے لئے تجاویز جمعہ کو سربراہی
اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ہونے والے ٹیلیفونک رابطے میں یہ طے پایا کہ اس بار حکومت مخالف تحریک فیصلہ کن ہو گی اور پنجاب کو اس تحریک کا مرکز بنایا جائے گا ۔ (ن) لیگ کے قائد نواز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ ویڈیو لنک پر ہونے والے ایک مشاورتی اجلاس میں یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ مولانا فضل الرحمان کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں اور حکومت مخالف احتجاجی تحریک کو اس بار ہر حال میں کامیاب بنایا جائے ۔ ذرائع کے مطابق (ن) لیگ نے مولانا فضل الرحمان کو پیش کش کی کہ اس بار پنجاب احتجاجی تحریک کا مرکز ہو گا اور ہزاروں کی تعداد میں (ن) لیگ کے کارکن ہر شہر میں چلنے والے روڈ کارواں کا حصہ ہوں گے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ڈیم ایم کے جمعہ کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں بھی احتجاجی تحریک کی کامیابی کے لئے تمام جماعتیں اپنی تجاویز پیش کریں گی جبکہ پیپلزپارٹی کو اس احتجاج میں شامل کرنے سے متعلق غور ہو گا ۔(ن) لیگ احتجاجی تحریک کے ذریعے اگلے سال ہی انتخابات کروانے کا مطالبہ بھی کرے گی ۔