لاہور (آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے گریٹر اقبال پارک واقعہ میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے خلاف کارروائی کے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت قراردے کر خارج کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں گریٹراقبال پارک واقعہ میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے خلاف کارروائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت فاضل عدالت نے کہا کسی شہری کے خلاف براہ راست درخواست کس طرح قابل سماعت ہے، کس قانون کے تحت عام شہری کے خلاف مقدمہ کرنے کا حکم دے سکتے ہیں، مقدمہ درج کرنے یا نہ کرنے کا حکم دینا سیشن کورٹ کا کام ہے۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عائشہ اکرم نے فالورز کو مینار پاکستان آنے کی دعوت دی ، گارڈزکے مطابق 2بار نکلنے کا موقع تھا مگروہ وہاں موجودرہیں،واقعے سے دنیا بھر میں پاکستان بدنام ہوا، ہجوم کو اکسانے پر عائشہ اکرم کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے۔عدالت نے ٹک ٹاکرعائشہ کیخلاف کارروائی کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔