کابل،نیویارک (این این آئی )طالبان ترجمان سہیل شاہین نے کہاہے کہ افغانستان نے مکمل آزادی حاصل کرلی ہے، تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے افغانستان سے مکمل انخلا کے بعد طالبان ترجمان سہیل شاہین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان سے آخری امریکی
فوجی بھی نکل گیا ہے۔اس موقع پر طالبان ترجمان ذبیح اللہ کا کہنا تھا کہ یہ فتح ہم سب کی ہے، طالبان امریکا کے ساتھ اچھے سفارتی تعلقات چاہتے ہیں۔دوسری جانب طالبان کے سینئر رہنما انس حقانی نے کہا ہے کہ طالبان نے تاریخ رقم کر دی۔ افغانستان پر امریکا اور نیٹو کا بیس سال کا قبضہ ختم ہوگیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انس حقانی نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ بیس سال کی قربانیوں اور مشکلات کے بعد مجھے ان تاریخی لمحات کو دیکھنے کا فخر حاصل ہوا۔دوسری جانب ترجمان طالبان ذبیح للہ مجاہد نے بھی کہا کہ افغانستان نے مکمل آزادی حاصل کرلی، کابل میں امریکی فوج کے انخلا پر خوشی میں فائرنگ ہورہی ہے، عوام پریشان نہ ہوں۔علاوہ ازیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان سے محفوظ انخلا کے حق میں قرارداد منظور کرلی گئی۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق 15 رکنی کونسل کے 13 اراکین نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ چین اور روس اجلاس سے غیر حاضر رہے۔سلامتی کونسل کے ہونے والے ہنگامی اجلاس میں طالبان سے ملکیوں اور غیر ملکیوں کے محفوظ انخلا کی پاسداری کا مطالبہ کیا گیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل سلامتی کونسل کا اجلاس افغانستان پر طالبان کے کنٹرول حاصل کرنے کے ایک دن بعد 16 اگست کو ہوا تھا۔