کراچی (این این آئی)کراچی ائیرپورٹ پر موبائل کیمرے سے فوٹو گرافی اور ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد کردی گئی اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق
خلاف ورزی کرنے پر موبائل فون اور انٹری کارڈ ضبط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یہ پابندی کراچی ائیرپورٹ پر طیاروں کے قریب کتوں کی موجودگی کی وڈیو سامنے آنے کے بعد عائد کی گئی ہے۔خیال رہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر آوارہ کتے مٹر گشتی کرتے ہوئے جہاز کے انتہائی قریب پہنچ گئے تھے جس کے بعد ائیرپورٹ کے برڈ شوٹر عملے نے گولی مار کر کتوں کو ٹھکانے لگایا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے متعلقہ عملے کی جانب سے ائیرپورٹ پر غفلت کا مظاہرہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب آوارہ کتے خوراک کی تلاش میں رن وے اور ایپرن ایریا میں داخل ہوگئے۔آوارہ کتوں کی آزادانہ نقل و حرکت اس وقت رپورٹ ہوئی جب ایک نجی ائیرلائن کی پرواز اسلام آباد کے لیے ٹیک آف کررہی تھی۔