واشنگٹن / کابل (آن لائن) امریکی صدر جوبائیڈن کابل میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر آبدیدہ ہوگئے اور دہشت گردوں سے بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔ دوسری جانب کابل ایئرپورٹ دھماکے میں 13 امریکی فو جیوں اور 28 طالبان سمیت ہلا کتوں کی تعداد 90 ہو گئی ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کی صورتحال پر امریکی صدرجوبائیڈن نے اپنے خطاب میں کابل ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور امریکی فوجیوں کی ہلاکت پرآبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کوہرگزمعاف نہیں کریں گے، ہم یہ حملہ کبھی نہیں بھولیں گے،۔ انہوں نے کہا کابل دھماکوں میں ہلاک ہونے والے ہمارے ہیروز ہیں، جنہوں نے حملہ کیا وہ اس کی قیمت چکائیں گے اور ہم انہیں طاقت سے جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انخلاکا مشن انتہائی خطرناک ہے، ہم اس مشن کوہرحال میں مکمل کریں گے جب کہ وہاں موجودہمارے کمانڈر انخلا کے مشن کی تکمیل کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے دہشت گرد کامیاب نہیں ہوسکتے، امریکی ہیروز نے اچھے مقصد کے لیے اپنی جان دی، ہم دہشت گردوں سے خوف زدہ نہیں ہوں گے بلکہ اپنا مقصد حاصل کریں گے اور تمام امریکیوں اوراتحادیوں کاانخلامکمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنے مقصد کے حصول کے لیے درکار ہرقدم اٹھائیں گے، جس طرح طے کیا ہے انخلا کا مشن مکمل کریں گے، انہوں مزید کہا کہ افغان فورسز کا 11 دن میں ہی ہتھیارڈال دینا، طالبان کے لیے فائدہ مندرہا لہٰذا افغانستان میں مزیدامریکی فوجی بھیجنے پڑے تو بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ وقت میں زیادہ سے زیادہ امریکیوں کے انخلاکی کوشش کریں گے، انخلا کی ڈیڈلائن کے بعد رہ جانے والوں کونکالنے کی پوری کوشش کریں گے، افغانستان سے نکلنے والوں کوہرسہولت فراہم کریں گے۔امریکی صدرجوبائیڈن نے مزید کہا کہ سابق امریکی صدر نے طالبان سے معاہدہ کیا تھا مئی تک افغانستان سے امریکی فوجیوں کونکال لیں گے تاہم انخلاکی تاریخ میں توسیع نہیں کرناچاہتے جب کہ طالبان سے معاہدہ ہوا تھا وہ امریکیوں پر حملہ نہیں کریں گے۔انہوں واضح کردیا کہ کہ افغانستان میں داعش اورطالبان کے گٹھ جوڑ کے شواہد نہیں ملے لہٰذا وقت آگیا کہ 20سال سے جاری طویل جنگ کو ختم کیاجائے۔ دریں اثنا کابل ائرپورٹ پر خود کش دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 90 ہوگئی ہے جب کہ 150 سے زائد زخمی ہیں۔ دھماکے میں 13 امریکی فوجی ہلاک اور 15 زخمی ہوئے جب کہ 28 طالبان بھی دھماکے میں جاں بحق ہوگئے۔