کابل (آن لائن)افغانستان میں تیزی سے رونما ہونے والی سیاسی پیش رفت کے تحت طالبان نے ملک کے نئے وزرائے خارجہ، داخلہ اور انٹیلی جنس چیف کا تقرر کردیا،
گل آغا وزیر خزانہ، سردار ابراہیم وزیر داخلہ جبکہ نجیب اللہ انٹیلی جنس چیف ہوں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق طالبان نے ملا شیریں کو کابل کا گورنر اور حمد اللہ نعمانی کو مرکزی دارالحکومت کا میئر مقرر کیا ہے۔ یہ قائم مقام تقرریاں ہیں، جو اس مرحلے پر کسی بھی ممکنہ مستقل حکومت کی عکاس نہیں ہوتیں۔افغان نیوز ایجنسی نے حالیہ پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے مزید بتایا کہ طالبان نے ثنا اللہ کو قائم مقام سربراہ تعلیم اور عبدالباقی کو قائم مقام سربراہ اعلیٰ تعلیم مقرر کیا ہے۔ گزشتہ روز طالبان نے معاشی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے حاجی محمد ادریس کو افغانستان بینک کا عبوری گورنر مقرر کردیا تھا۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا گیا تھا کہ‘حاجی محمد ادریس کو حکومتی اداروں کے امور منظم کرنے اور ملک کے بینکنگ نظام سے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے ذمہ داری دی گئی ہے۔