لاہور( این این آئی )صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کوایک بار پھر بطور ترجمان پنجاب حکومت ذمہ داریاں سونپ دی گئیںجبکہ کابینہ میں نئے شامل ہونے والے اسد کھوکھرکو ہائوسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ کا قلمدان سونپ دیا گیا ۔ فیاض الحسن چوہان صوبائی وزیر جیل خانہ جات کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے ۔وزیر جیل خانہ فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ ترجمان کی اضافی ذمہ داری دئیے جانے پر اعلی قیادت کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ وزیر اعظ عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔انہوںنے کہاکہ بطور ترجمان حکومت بزدار حکومت کی کامیابیاں عوام کے سامنے لانا میرا بنیادی ایجنڈا ہے ،بزدار حکومت کے خلاف اپوزیشن کی سازشوں کو بے نقاب کریں گے۔علاوہ ازیںپنجاب کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزیر ملک اسد کھوکھر کو ہائوسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ کا محکمہ الاٹ کر دیا گیا۔وزیر اعلی کی منظوری کے بعد اسد کھوکھر کو محکمہ الاٹ کرنے کا نوٹیفکشن جاری کر دیا گیا۔اسد کھوکھر نے دس اگست کو وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔