مقبوضہ بیت المقدس (نیوزڈیسک)انتہا پسند یہودیوں نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے قبل گستاخانہ نعروں کے ذریعے فلسطینی شہریوں کو مشتعل کردیا جس کے بعد قبلہ اول میں یہودیوں اور فلسطینیوں کے درمیان سخت کشیدگی پیدا ہوگئی ۔جمعہ کے روز یہودی آباد کاروں نے بڑی تعداد نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ خلاف معمول یہودیوں نے مراکشی دروازے سے باہر نکلنے کے بجائے مسجد اقصیٰ کے باب السلسلہ سے باہرنکلنا شروع کیا جہاں سے فلسطینی مسجد کے اندر داخل ہورہے تھے۔ یہودی شرپسندوں نے نہ صرف باہر نکلنے کےلئے غلط راستے کا انتخاب کیا بلکہ مسلمانوں کےخلاف اشتعال انگیز نعرے بازی کی جس پر فلسطینی مشتعل ہوگئے۔ انہوں نے بزدل یہودی مردہ باد ،اسلام زندہ باد، پیغمبر اسلام زندہ باد کے نعرے لگائے۔عینی شاہدین کے مطابق یہودی آباد کاروں کی اس اشتعال انگیز حرکت کے وقت اسرائیلی پولیس اور فوج کی بڑی تعداد ان کی سیکیورٹی پرمامورتھے۔ قابض فوجیوں نے فلسطینیوں کو وہاں سے دور ہٹانے کےلئے ان پرلاٹھی چارج کیا جبکہ یہودی انتہا پسندوں کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا گیا۔