اسٹٹ گارٹ(نیوزڈیسک) جرمن کمپنی نے ایک ایسا روبوٹک لباس تیار کیا ہے جسے پہن کر اپنی سکت کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ وزن اٹھایا جاسکتا ہے۔جرمن کمپنی کی جانب سے تیارکیا گیا یہ روبومیٹ نامی ایک سادہ روبوٹک ڈھانچہ بازوں ، ٹانگوں اورکمرکواضافی قوت فراہم کرکے انہیں ایسا بھاری سامان اٹھانے کے قابل بناتا ہے جسے اٹھانا عام حالات میں نا ممکن ہوتا ہے۔ اسے پہن کر 10 کلو وزن اٹھانے سے گویا یوں لگتا ہے کہ جیسے صرف ایک کلو وزن ہی ہاتھ میں ہو۔ اس روبوٹک سوٹ کو پہن کر باآسانی وزن اٹھایا جاسکتا ہے اورپیچیدہ اموربھی انجام دیئے جاسکتے ہیں کیونکہ رانوں اورکمرکوسپورٹ فراہم کرتا ہے۔کمپنی کی جانب سے دی گئی تفصیل میں بتایا گیا ہےکہ اس کی تیاری میں 2 سال کا عرصہ لگا جسے یورپی یونین کے 12 تحقیقاتی اداروں اورکمپنیوں نے مشترکہ تحقیق کے بعد تیارکیا جب کہ اس پر 30 لاکھ یورو خرچ ہوئے۔منصوبے کے سربراہ پروفیسر کارمن کے مطابق اس ڈھانے کو پہن کر 15 کلو وزنی گاڑی کی سیٹ اٹھاتے وقت یوں لگتا ہے کہ صرف ڈیڑھ کلو وزن اٹھایا جارہا ہے اس کے علاوہ یہ ڈھانچہ مزدوروں کے لیے بھی کارآمد ہے کیونکہ وہ اسے استعمال کرکے وزن اٹھانے کی مشقت سے کافی حد تک بچ سکتے ہیں۔