لاہور (این این آئی)معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے اپنے گھر میں موجود سازو سامان سے بھرپور جِم کو اپنی فٹنس کا راز قرار دیدیا۔نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں میزبان کی جانب سے مولانا طارق جمیل سے ان کی فٹنس کے حوالے سے سوال کیاگیا۔اس پر مولانا طارق جمیل نے اپنے گھر میں موجود سازو سامان سے بھرپور جِم کو اپنی فٹنس کا راز قرار دیا۔
مولانا طارق جمیل نے بتایا کہ وہ روزانہ اسی جِم میں ایکسرسائز کرتے ہیں جہاں پورے جسمانی اعضاء کی ایکسرسائز کے لیے مشینیں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک دن یوگا اور ایک دن ایکسرسائز کرتے ہیں۔مولانا طارق جمیل نے بتایا کہ انہیں کالج لائف سے ہی ایکسرسائز کرنے اور فٹ رہنے کا شوق تھا اور اسی ایکسرسائز اور یوگا کے باعث وہ اس عمر میں بھی اپنی فٹنس برقررار رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے ماہ اپریل میں ملبوسات کے برانڈ کا افتتاح کیا تھا اور اب انہوں نے اپنے نام سے منسوب ‘ایم ٹی جے فاؤنڈیشن’ کے تحت ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا ہے۔ مولانا طارق جمیل کی جانب سے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایم ٹی جے فاؤنڈیشن کی ایمبولینس کی تصاویر شیئر کی گئی تھیں۔ ایم ٹی جے فاؤنڈیشن کی جانب سے تصاویر شیئر کی گئی تھیں جن میں مولانا طارق جمیل، ایم ٹی جے فاؤنڈیشن کی جانب سے خریدی گئیں نئی ایمبولینسز کا معائنہ کر رہے تھے۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ ہم ان تمام لوگوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ایمبولینسز خریدنے میں مدد دی تاکہ ضرورت کے وقت ضرورت مندوں کی مدد کی جاسکی۔ خیال رہے کہ فروری میں مولانا طارق جمیل کی جانب سے کاروبار کرنے کے فیصلے اور اپنے نام سے برانڈ قائم کرنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
میڈیا رپورٹس میں یہ کہا جارہا تھا کہ اس برانڈ کے ذریعے شلوار قمیض اور کُرتے فروخت کیے جائیں گے۔ تاہم سوشل میڈیا پر اس حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے کہ مولانا طارق جمیل کو اب کاروبار کرنے کا خیال کیوں آیا اور برانڈ لانچ کرنے سے ان کے کیا مقاصد ہیں۔جس پر مولانا طارق جمیل نے اپنے نام سے شروع کیے
جانے والے کپڑوں کے برانڈ سے متعلق وضاحت دی تھی اور کہا تھا کہ برانڈ سے کاروبار کا کوئی ارادہ نہیں بلکہ اس کی آمدنی فاؤنڈیشن کے لیے خرچ کی جائے گی۔ بعدازاں اپریل میں کراچی میں واقع تاریخی موہٹہ پیلس میں 3 اپریل کو ان کے برانڈ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے 26 اپریل کو طارق روڈ میں پہلے ایم ٹی جے اسٹور کا افتتاح بھی کیا تھا۔ تاہم لوگوں کی جانب سے یہ شکایت سامنے آئی کہ ان کے برانڈ کے کپڑے
بھی دیگر بڑے برانڈز کی طرح کافی مہنگے ہیں یہی نہیں بلکہ اس کے بعد مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر ایم ٹی جے کے لوگو کے ساتھ ایک ازار بند کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی جس کے حوالے سے کہا جارہا تھا کہ اس کی قیمت 550 روپے ہے جس کی بعدازاں تردید کی گئی تھی کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم نہ ہی یہ پروڈکٹ بنارہے ہیں اور نہ ہی یہ ہماری ویب سائٹ اور اسٹورز پر موجود ہے۔اس طرح سوشل میڈیا پر مولانا طارق جمیل کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا گیا۔