اسلام آباد(نیوز ڈیسک)موبائل فون آپریٹنگ سسٹم اور اس کی ایپلی کیشنز کے حوالے سے گوگل اور ایپل ایک دوسرے کے مدمقابل تھیں، پھر مائیکروسافٹ نے بھی اپنا موبائل فون آپریٹنگ سسٹم متعارف کروا کر دونوں کمپنیوں کو چیلنج کیا لیکن اس میں خاطرخواہ کامیاب نہ ہو سکی تھی۔اب لگتا ہے کہ مائیکروسافٹ فیس بک اور واٹس ایپ سے مقابلے کے لیے پر تول رہی ہے کیونکہ مائیکروسافٹ نے ایک ایسی ایپلی کیشن متعارف کروا دی ہے جس سے صارفین ای میل ایڈریس کے بغیر میسجنگ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ ابتدائی طور پر Send نامی یہ ایپلی کیشن صرف آئی فونز کے لیے دستیاب ہے لیکن توقع کی جا رہی ہے کہ ڈائریکٹ چیٹنگ کے دیگر پلیٹ فارمز مائیکروسافٹ کے اس اقدام کی پیروی کریں گے جو کمپنی کی بہت بڑی کامیابی ہو گی۔مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ بعض اوقات صارفین کو اپنے دوستوں اور آفس فیلوز کو ایک فوری میسج بھیجنا ہوتا ہے،اسی مقصد کے تحت ہم نے یہ ایپلی کیشن بنائی ہے۔ ایپلی کیشن فی الحال امریکہ اور کینیڈا میں آئی فون صارفین کے لیے دستیاب ہے لیکن اس سال کے آخر تک ونڈوز اور اینڈرائیڈ فونز کے لیے بھی دستیاب ہو گی۔کمپنی کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے ہماری یہ ایپلی کیشن ٹیکسٹ میسجنگ کی طرح بالکل آسان اور سادہ طریقے سے کام کرے گی۔