اسلام آباد ( آن لائن )حکومت نے مالی سال 2021-22 کے بجٹ میں چھوٹی گاڑیاں اور نئی موٹرسائیکلیں خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری سنا دی۔بجٹ دستاویزات کے مطابق 850 سی سی سے چھوٹی گاڑیوں پر ٹیکس کم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے جبکہ چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس ، ایکسائز ڈیوٹی اور ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹیاں کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
جس سے ممکنہ طور پر گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہو گی۔ صرف یہی نہیں بلکہ نئی موٹر سائیکل کے مختلف برانڈز پر اور ٹریکٹر کے نئے ماڈلز پر بھی ٹیکس کم کرنے کی تجویز ہے۔بجٹ دستاویزات کے مطابق گاڑی کی قیمت میں ٹیکس کم کرنے سے 15 سے 20 ہزار روپے کمی ہوگی جبکہ موٹرسائیکل کی قیمتوں میں 5 سے 10 ہزار روپے قیمتوں میں کمی آئیگی ۔دوسری جانب 900 ارب کے ترقیاتی بجٹ میں سے کس ادارے کوکتنا ملے گا؟ ۔بجٹ دستاویز کے مطابق سڑکوں کی تعمیر کیلئے این ایچ اے کو 113 ارب 95 کروڑ ملیں گے۔ آبی وسائل 110 ارب، این ٹی ڈی سی اور پیپکو کیلئے 53 ارب مختص کئے گئے ہیں ۔ پلاننگ ڈیڑن کو 99 ارب، ریلوے کو 30 ارب روپے ملیں گے۔ خزانہ ڈویڑن کو 94 ارب 60 کروڑ، کابینہ ڈویڑن کیلئے 56 ارب مختص کئے گئے ہیں ۔ اعلی تعلیمی کمیشن کو 37 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ملے گا۔ آئی ٹی اورٹیلی کام کیلئے 8 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کئے گئے ہیں ۔ قومی صحت کیلئے 22 ارب 82 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، پاکستان ایٹمی توانائی کمشین 30 ارب، وزارت داخلہ کو 22 ارب ملیں گے۔ ہاوسنگ اینڈ ورکس کو 14 ارب 84 کروڑ روپے فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دفاعی ڈویڑن اور دفاعی پیداوار کو 3 ارب سے زیادہ کا بجٹ ملے گا۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے اگلے مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ میں 36.4 فیصد کا اضافہ کیاہے ۔وفاقی ترقیاتی پروگرام کیلئے 900 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ بجٹ دستاویز کے مطابق پنجاب کیلئے ترقیاتی بجٹ رواں مالی سال کے مقابلے میں اگلے مالی سال 190 ارب روپے اضافہ کیا گیا ہے ۔ پنجاب کا رواں مالی سال ترقیاتی بجٹ 310 ارب اور اگلے مالی سال 500 ارب مقرر کیا گیا ہے ۔ سندھ کے ترقیاتی بجٹ میں 127 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ سندھ کا ترقیاتی بجٹ 194 ارب روپے سے بڑھا کر 321 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے ۔ اگلے مالی سال بلوچستان کے ترقیاتی بجٹ میں 44 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ بلوچستان کا ترقیاتی بجٹ 89 ارب روپے سے بڑھا کر 133 ارب روپے مقرر کیا گیا ۔ اگلے مالی سال کیلئے خیبر پختونخوا کے ترقیاتی بجٹ میں 26 ارب روپے کی کمی کی گئی ہے ۔ دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے پی کا ترقیاتی بجٹ 274 ارب جبکہ اگلے مالی سال 248 ارب روپے مقر ر کیا گیا ہے ۔