اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنماء اور امیدوار قانون ساز اسمبلی ایل اے نو نکیال سردار نعیم آرزو نے کہا ہے کہ نکیال سے پارٹی ٹکٹ میرا حق تھا، ٹکٹ فروخت کرکے جیتی ہوئی نشست کو ہار میں بدلنے کی کوشش کی گئی ہے، ٹکٹ کے حصول کیلئے آخری حد تک جاؤنگا اور خریدو فروخت کرنے والوں کا قبر تک پیچھا کرونگا،
وزیراعظم پاکستان اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان معاملے کی انکوائری کرائیں اور ذمہ داران کو نشان عبرت بنائیں۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 25 برسوں سے نکیال سے جبر وزیادتی کیخلاف برسریکار ہوں،2015 ء میں عمران خان کے ویڑن سے متاثر ہوکر پی ٹی آئی کو باقاعدہ جوائن کیا اور آزاد کشمیرمیں مشکل ترین وقت میں پارٹی کا رچم تھاما اور آزاد کشمیر کے سب سے کرپٹ اور نصف صدی سے اقتدار پر قابض کریلوی خاندان کی کرپشن کیخلاف جنگ لڑی اور ستائے ہوئے کشمیری عوام کے حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد کی تاہم جب ٹکٹ کی باری آئی تو پی ٹی آئی کا ٹکٹ ایک ایسے شخص کو دیدیا گیا جو صرف تین دن قبل پارٹی میں شامل ہوا تھا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارٹی کارکنوں کیساتھ ہونے والی ناانصافی کا نوٹس لیں اور معاملے کی انکوائری کرائیں اور ذمہ داران کو کو نشان عبرت بنائیں۔ کیونکہ یہ سب کچھ پارٹی کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں شکست سے دوچار کرنے کی سازش ہے۔ سردار نعیم آرزو کا مزید کہنا تھا کہ نکیال کے عوام اور ی ٹی آئی کارکنان گٹھ جوڑ کی کسی سازش کو کامیاب نہیں دینگے۔ ہم اپنے حق کیلئے پارٹی کے ہر دروازے کو کے رکھتا نے کے ساتھ ساتھ بھرپور احتجاج کا راستہ بھی اختیار کرینگے۔ نکیال کی عوام کی امیدوں پر لسی کو پانی پھیرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔