اسلام آباد (این این آئی/مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ویکسینیشن میں سب سے آگے ہونے کے باعث کورونا کیسز کے حوالے سے سب سے پیچھے ہوگیا۔ڈی ایچ او زعیم ضیاء کے مطابق اسلام آباد میں 23 فی صد شہریوں کوویکسین لگائی جاچکی، اسلام آباد میں 12 لاکھ آبادی ویکسین کی اہل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سوا تین لاکھ آبادی کو ویکسین لگائی جاچکی، تیسری لہر میں اسلام آباد میں کورونا مثبت کیس 19 فی صد تک گئے۔ڈی ایچ او کے مطابق آج پہلی بارکورونامثبت کیس 1 اعشاریہ 8 فی صد پر رہے۔دوسری جانب پاکستان میں کورونا کیسز میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 24.4 فیصد رہی۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 55442 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2455 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 73 ہلاکتیں ہوئیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.42 فیصد رہی۔