اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے علاقے فیروز وٹواں میں واقع سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی زمین کی نیلامی کا عمل شروع ، جیو نیوز کے مطابق شیخو پورہ میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زمین کی نیلامی کے سلسلے میں بولی دینے
کے لیے ایک خریدار پہنچ گیا۔بولی میں حصہ لینے والے شہری کا نام محمد بوٹا ہے جس نے بولی میں حصہ لینے کے لیے 10 لاکھ روپے زرِ ضمانت جمع کرا دیئے ہیں۔محمد بوٹا کا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ملک میں کوئی اچھا کام ہونے لگا ہے تو سب کو اس میں حصہ لینا چاہئے، بڑے لوگ بھی قانون کے تابع آنے لگے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ زمین کو دعوے داروں کو دیکھنا انتظامیہ کا کام ہے، جب حکومت نیلامی کرے گی ہم تو حصہ لیں گے۔اس سے قبل سابق وزیر اعظم کی 11 ایکڑ 4 مرلے زمین نیلامی کیلئے پیش کی گئی۔انتظامیہ کی جانب سے نواز شریف کی زمین کی نیلامی میں حصہ لینے کیلئے مزید لوگوں کو بلایا جا رہا ہے۔نیلامی ہال میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ اگر کوئی اس نیلامی میں حصہ لینا چاہتا ہے تو اپنے کوائف سامنے لائے۔نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کی فی ایکڑ قیمت 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔