کراچی۔۔۔۔انسانی حقوق کے لیے سرگرم ملالہ یوسفزئی نے ریپ کا شکار ہونے والی کائنات سومرو کو ان کے والد کے ہمراہ نوبیل پیس پرائز ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔مذکورہ تقریب 10 دسمبر کو ناروے کے شہر اوسلو میں منعقد ہوگی۔ڈان سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کائنات کا کہنا تھا کہ ‘ملالہ کی جانب سے فون کال موصول ہونے پر انھیں بہت خوشگوار حیرت ہوئی’۔کائنات کے مطابق ‘ملالہ نے مجھے اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اوسلو میں ہونے والی پرائز ڈسٹری بیوشن تقریب میں شرکت کرنے کی بھی دعوت دی’۔بقول کائنات ملالہ کا کہنا تھا کہ ‘کائنات کی وہاں موجودگی میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی’۔کائنات کا کہنا تھا کہ ‘اٹھارہ اکتوبر کو ملنے والی دعوت کے بعد میں نے ملالہ کو کہا کہ میرا خاندان سفر کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتا، جس پر ملالہ نے تمام سفری اخراجات برداشت کرنے کا وعدہ کیا’۔تقریب میں شرکت کے لیے کائنات کی دس دسمبر کی فلائٹ بک کرلی گئی ہے جبکہ 13 دسمبر کو ان کی پاکستان واپسی ہوگی۔یاد رہے کہ سندھ کے دادو ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والی کائنات سومرو کو 2007 میں گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا، جو اب 21 برس کی ہیں۔حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے کائنات نے مبینہ ملزمان کے خلاف قانون کا سہارا لیا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ ‘جنوری 2015 میں اس کیس کو آٹھ سال ہوجائیں گے لیکن جب تک مجھے انصاف نہیں ملے گا میں پیچھے نہیں ہٹوں گی’۔اس کیس کے دوران کائنات کے ایک بھائی کو قتل کیا جاچکا ہے جبکہ اس کیس کو بھی کئی مرتبہ بند کرانے کی کوشش کی گئی۔کائنات اپنے خاندان کے ہمراہ آٹھ سال قبل کراچی منتقل ہو گئی تھیں۔دوسری جانب کائنات کے والد غلام نبی سومرو بھی تقریب میں شرکت کے لیے اوسلو جانے کے حوالے سے پرجوش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ میرے اور میرے پورے خاندان کے لیے اعزاز ہے کہ ہمیں ملالہ یوسفزئی نے مدعو کیا ہے۔ وہ کسی کو بھی اس تقریب میں بلا سکتی تھی، لیکن کسی بڑے نام کے بجائے ملالہ نے میری بیٹی کا نام لیا، یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے’۔
غلام نبی سومرو نے بتایا کہ ‘ملالہ نے میری بیٹی کی ہمت و بہادری کی تعریف کی جو اس نے انصاف کے حصول کے لیے دکھائی۔ میری بیٹی کے عزم و ہمت نے مجھے بھی حیران کیا تھا’۔17 سالہ ملالہ یوسفزئی، ہندوستان کے کیلاش ستیارتھی کے ہمراہ دس دسمبر کو الفریڈ نوبیل کے یومِ وفات کے موقع پر اوسلو شہر میں منعقدہ ایک تقریب میں ایوارڈ حاصل کریں گی۔