اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ سکیورٹی انچارج وجاہت افضل کو 11 مارچ کو ہی تعینات کیا گیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق وجاہت افضل کو ایک سال کیلئے سارجنٹ ایٹ آرمز تعینات کیا گیا ، انہیں بغیر اشتہار کے رول 17 کے تحت تعینات کیا گیا ۔وجاہت افضل کی تعیناتی نوٹی فکیشن کے مطابق 9 مارچ سے کی گئی، انہیں سینیٹ سیکرٹریٹ میں گریڈ 18 میں تعینات کیا گیا۔
سیکشن افسر ظہور احمد نے وجاہت افضل کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کیا۔اس سے قبل جمعہ کی صبح سینیٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے پولنگ بوتھ میں کیمرہ لگا ہونے پر شدید احتجاج کیا اور بوتھ اکھاڑ کر سیکریٹری سینیٹ کی نشست پر رکھ دیا جس کے بعد پریزائیڈنگ آفیسر مظفر حسین شاہ نے پولنگ بوتھ دوبارہ بنانے کا حکم دیدیا۔پریزائیڈنگ آفیسر مظفر شاہ نے کہاکہ پولنگ بوتھ دوبارہ بنے گا اور کوئی بھی فریق پولنگ بوتھ کو دیکھ سکے گا۔مظفر شاہ نے کیمروں کی تحقیقات کے لیے سیکرٹری سینیٹ کو حکم دے دیا، تحقیقاتی رپورٹ نئے آنے والے چیئرمین سینیٹ کے سامنے رکھی جائے گی۔دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر اور مسلم لیگ (ن )کے رہنما مصدق ملک نے سینیٹ سیکیورٹی انچارج سے ملاقات کی اپنے تحفظا ت سے آگاہ کیا۔گزشتہ روز تعینات کیے گئے سینیٹ سیکیورٹی اہلکار سے ملاقات کے دوران مصطفی نواز نے سوال کیا کہ کیا فوٹیج اپنی جگہ پر موجود ہے جس پر سینیٹ سیکیورٹی
انچارج نے کہا کہ جو بھی ہمارے پاس ویڈیو ہے، وہ محفوظ ہے، میں سی سی ٹی وی ویڈیو کو ضائع نہیں ہونے دوں گا۔مصطفی نواز کا سیکیورٹی انچارج سے کہنا تھا کہ آپ حلف دے رہے ہیں، آپ سرکاری فرض ادا کریں گے۔اس دوران مصدق ملک کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ ہیڈ آف سیکیورٹی ہیں، کیا سی سی ٹی وی فوٹیج تباہ ہو سکتی ہے؟جس کا جواب دیتے ہوئے سینیٹ سیکیورٹی انچارج نے کہا کہ ابھی تک سی سی ٹی وی فوٹیج تک کسی نے رسائی نہیں لی، نہ کوئی درخواست آئی ہے۔