اسلام آباد(نیوزڈیسک)صوبوں کی جانب سے انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی پر صوبائی سیلز ٹیکس کے بعد وفاق نے بھی رواں مالی سال سے انٹرنیٹ کے استعمال پر 14فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد کردیا ہے جس کے بعد خیبرپختونخوا اور سندھ کے صارفین کو انٹرنیٹ کے استعمال پر مجموعی طور پر 32سے 33.5فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ میں انٹرنیٹ کے استعمال پر14فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد کیا گیا ہے جو وفاقی ٹیکس کی صورت میں فکسڈ لائن ٹیلی فون کے بلوں کے علاوہ موبائل انٹرنیٹ کے ماہانہ بلز اور انٹرنیٹ پری پیڈ کارڈز پر بھی وصول کیا جائے گا۔ انٹرنیٹ کے استعمال پر عائد کیا جانیوالا 14فیصد ایڈوانس ٹیکس ایڈجسٹ ایبل ہوگا اور ٹیکس گوشوارے داخل کرانیوالے صارفین انٹرنیٹ کے استعمال پر دیا گیا ایڈوانس ٹیکس ایڈجسٹ کراسکیں گے جبکہ گوشوارے داخل نہ کرانے والے صارفین کو اس ٹیکس کا مکمل بوجھ خود برداشت کرنا ہوگا۔کے پی اور سندھ میں انٹرنیٹ پر پہلے ہی 19.5فیصد اور 18فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے۔ اس طرح 14فیصد ایڈوانس ٹیکس شامل کرکے کے پی اور سندھ کے انٹرنیٹ صارفین کو 32 سے 33.5فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔