اسلام آباد(نیوزڈیسک) گوگل نے کیو موبائل کے اشتراک سے پاکستان میں اپنا نیا اینڈرائڈ ون موبائل فون متعارف کروا دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گوگل کے اینڈرائڈفون کیو موبائل اے ون پاکستان بھر میں واقع کیو موبائل کے سٹورز سے خریدے جا سکتے ہیں ۔گوگل کے اس اینڈرائیڈ فون کی قیمت 11ہزار 500روپے مقرر کی گئی ہے ۔پاکستان کے علاوہ تقریبا سات ممالک میں پہلے ہی سستے اینڈرائڈ ون فون متعارف کروائے جاچکے ہیں 4.5انچ ٹچ سکرین ،1.3گیگاہارٹز پروسیسر،5 میگاپکسل رئیر کیمرہ اور2میگاپکسل فرنٹ کیمرہ ،ایک جی بی ریم اور8 جی بی میموری، کیو موبائل اے ون کی نمایاں خصوصیات ہیں، اس میں دو سمیں بیک وقت چلتی ہیں۔ تاہم گوگل اور کیو موبائل کے اس مشترکہ اینڈرائیڈ فون کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ 6سے 7ہزار روپے تک کے سستے اینڈرائیڈ فون پہلے سے ہی مارکیٹ میں موجود ہیں جن میں کیو موبائل کے اپنے بھی کم مالیتی موبائل فون شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ستمبر 2014میں گوگل نے بھارت میں اینڈرائڈ ون فون کی اپنی پہلی کھیپ کا آغاز کیا۔