لاہور (پ ر )وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ غیر صحت رویے ذیابیطس کے مرض میں پھیلاؤ کا باعث بنتے ہیں۔ذیابیطس کی بروقت تشخیص نہ ہونے کے باعث دیگر پیچیدگیاں بھی جنم لیتی ہیں۔ سادہ طرز زندگی ذیابیطس سے بچاؤ کا ضامن ہے۔متوازن غذا،
واک اور پرہیز سے ذیابیطس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ عوام میں ذیابیطس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیرسے آگاہی انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ذیابیطس کے بارے میں آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ ذیابیطس سے بچاؤ اور اس مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں ذیابیطس مراکز قائم کئے گئے ہیں۔سرکاری ہسپتالوں میں ذیابیطس مراکز میں علاج اور صحت مند طرز زندگی سے متعلق آگاہی دی جاتی ہے۔ ذیابیطس مراکز میں طبی ٹیسٹوں، ادویات اور انسولین کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔