لندن۔۔۔نیوزی لینڈ کے تجربہ کار سپنر ڈینیئل ویٹوری دو سال سے زیادہ عرصے کے بعد ایک بار پھر نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔بی بی سی کے مطابق35 سالہ ویٹوری جولائی سنہ 2012 کے بعد پہلی بار نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔انھیں شارجہ میں 26 نومبر سے شروع ہونے والے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔اس بارے میں نیوزی لینڈ کے کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ ’ڈینیئل کے پاس تجربے کی کوئی کمی نہیں اور اس نے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ اس قسم کے حالات میں کتنے موثر ثابت ہو سکتے ہیں۔‘ویٹوری نیوزی لینڈ کے لیے 112 ٹیسٹ میچوں میں حصہ لے چکے ہیں اور اس دوران انھوں نے 360 وکٹیں لی ہیں۔متحدہ عرب امارات میں جاری تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو نیوزی لینڈ پر ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں میں نیوزی لینڈ نے دو سپنرز اش سوڈھی اور مارک کریگ کو کھلایا تھا اور تیسرے میچ میں مہمان ٹیم ممکنہ طور پر وہ تین سپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔