سرگودھا(این این آئی )سرگودھا میانوالی روڈ کے قصبہ قائدآبادکے گاوں جھجھہ میں لوٹ مار کے دوران اوباش کے ہاتھوں بے آبرو ہونے والی 70سالہ بیوہ خاتون آٹھ روز تک زندگی اور موت کی کشمکش کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گئی جس کا ذمہ دار اوباش نوجوان پولیس حراست میں ہے
جس نے وقوعہ کے روز مرحومہ کو بے آبرو کیا اور اس کی ٹانگیں اور بازو توڑتے ہوئے گھر سے لوٹ مار کی تھی۔ذرائع کے مطابق سرگودھا میانوالی روڈ کے قصبہ قائد آباد کے گاؤں جھجھہ میں 11 ستمبر کو 70 سالہ بیوہ خاتون مہراں خاتون اپنے گھر میں اکیلی تھی کہ 22 سالہ محلہ دار اوباش نوجوان احمد دین نے رات کی تاریکی میں بیوہ کے گھر داخل ہو کر 70 سالہ مہراں خاتون کو زد و کوب کرتے ہوئے جسم کو کٹ لگائے اور ٹانگیں بازو توڑ دیئے اور زبردستی اسے بے آبرو بھی کیااور خاتون کی رقم پندرہ ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگیا جس کی اطلاع پر متاثرہ بیوہ خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ڈی پی او خوشاب کیپٹن (ر)طارق ولایت نے ٹی ایچ کیو میں افسران کے ہمراہ متاثرہ خاتون کی عیادت کی اور جائے واردات معائنہ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ملزم کو واردات کے ڈیڑھ گھنٹہ بعد پولیس نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جس میں پولیس مصروف تفتیش تھی کہ گزشتہ روز متاثرہ بیوہ مہراں خاتون آٹھ روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں ہسپتال میں دم توڑ گئی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور پولیس ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔