اسلام آباد(نیوزڈیسک )سمارٹ فون کی بیٹری کو گا ہے بگا ہے چارج کرنے کی ضرورت نے صارفین کو ہمیشہ سے پریشان رکھا ہے لیکن سام سنگ کمپنی ایک نئی قسم کی بیٹری تیار کرکے نہ صرف اس مسئلے کو حل کرنے والی ہے بلکہ اپنی حریف کمپنیوں ایپل، ایل جی اور ایچ ٹی سی کیلئے بھی بڑا مسئلہ پیدا کرنے والی ہے۔ اخبار ڈیلی سٹار کا کہنا ے کہ سام سنگ کے ماہرین نئی ٹیکنالوجی والی بیٹری پر کام کررہے ہیں جو محض ایک دفعہ چارج کرنے سے ہفتہ بھر آسانی چلے گی اور اس دوران سمارٹ فون کا خوب دل کھول کر استعمال بھی ممکن ہوگا۔ اخبار بزنس کوریا کی ایک رپورٹ کے مطابق نیکسٹ جنریشن بیٹری کو ایک نئی قسم کے مادے سے بنایا جائے گا جسے گریفین کوٹڈ سلیکون کہا جاتا ہے۔ نیا میٹریل موجودہ گریفائیٹ کیتھوڈ پاورسیل کی نسبت زیادہ توانائی زخیرہ کرسکتا ہے اور اس سے بنی بیٹری کا سائز بھی موجودہ بیٹری سے زیادہ نہیں ہوگا۔ٹیکنالوجی تجزیہ کاروں کے مطابق سام سنگ کے S6اور S6ایج فونز میں بھی بہترین کوالٹی کی بیٹری استعمال کی جائے گی لیکن اگلے دوسال کے دوران نئی بیٹری کا استعمال شروع ہوجائے گا جو سام سنگ کے سمارٹ فونز کو باقی کمپنیوں کے مقابلے میں بجا طور پر بہترین بنادے گا۔