ریاض (این این آئی )سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وجہ سے کھیل سے متعلق سرگرمیوں پر عاید کردہ پابندیوں میں جزوی طورپر نرمی کی گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں وزارت کھیل نے 21 جون سے کھیلوں کی سرگرمیوں اور مختلف سپورٹس کلبوں میں
تربیت دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ۔وزارت کھیل نے کرونا وائرس کی پیشرفت سے متعلق کمیٹی کے ساتھ کوآرڈینیشن کے بعد کھیلوں کی سرگرمیوں کی معطلی کو ختم کیا ۔ اس میں مختلف کھیلوں میں کلبوں کی تربیت بھی شامل ہے۔ حکومت کی طرف سے سپورٹس فیڈریشنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چوبیس اگست سے شروع ہونے والے مقابلوں کا آغاز کریں مگر اس کے لیے شرط یہ ہے کہ تماشائیوں کو جمع نہ کیا جائے اور کرونا بچائو کے حوالے سے وضع کردہ طریقہ کار پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔سعودی عرب میں کھیل کے وزیر شہزادہ عبد العزیز بن ترکی الفیصل نے کھیلوں کی سرگرمیوں کی واپسی کے طریق کار کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔