ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ملک میں جاری کرونا بحران کے دوران وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلیے ماہ صیام کی مناسبت سے نئے حفاظتی اقدامات کا اعلان کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ماہ صیام کے دوران ملک بھر میں محدود پیمانے پر ہوٹل کھولنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم تقریبات منعقد کرنے والے
ہوٹلوں کو اجازت ںہیں دی گئی۔ ماہ صیام کے موقعے پر سخت طبی حفاظتی تدابیر کے تحت ہوٹلوں کو شام تین بجے سے صبح تین بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔وزارت داخلہ کی طرف سے کہا گیا کہ تمام ہوٹل مالکان اور کیٹرنگ سروس فراہم کرنے والے کارباری حضرات کو شہریوں کی صحت اور کرونا وبا کے عرصے میں سخت طبی حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدیات کی گئی ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق کرفیو والے علاقوں کے سوا دیگر شہروں میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک احتیاطی تدابیر کے ساتھ سفر کی اجازت دی گئی ہے۔قبل ازیں الحرمین الشریفین کی جنرل پریذیڈینسی نے بدھ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عام عبادت گزاروں کے داخلے پر پابندی برقرار رہے گی۔